بین الاقوامی

اقوام متحدہ میں ”یو این پاکستان کلب “قائم

اقوام متحدہ میں عرفان سومرو کی صدارت میں یو این پاکستان کلب کا پہلا اجلاس، کلب میں اقوام متحدہ ، اس کے ذیلی ادارے اور منسلک این جی اوز وغیرہ میں کام کرنے والے حکام شامل ہو سکتے ہیں

 اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلی بار یو این کلب قائم کیا گیا ہے، کلب یو این میں پاکستان کے کلچر کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے گا، اقوام متحدہ میں یوم پاکستان منانے کا بھی اعلان

نیویارک (اردونیوز ) اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلی بار ”یو این پاکستان کلب “ قائم کر دیا گیا ہے جس کی جنرل اسمبلی نے بھی باقاعدہ منظور ی دے دی ہے ۔ یہ کلب سینئر سفارتکار اور اقوام متحدہ میں انٹر گورنمنٹ افئیرز آفیسر عرفان سومرو اور ان کے ساتھیوں کی کوششوں سے قائم کیا گیا ہے۔یو این پاکستان کلب میں اقوام متحدہ ، اس کے ذیلی اداروں ، اقوام متحدہ سے منسلک این جی اوز سمیت دیگر متعلقہ اداروں میں کام کرنے والے تمام افراد شامل ہو سکتے ہیں ۔ کلب کے قیام کا مقصد اقوام متحدہ میں کسی بھی حیثیت میں کام کرنے والے پاکستان سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنا اور پاکستان کے کلچر کے فروغ کو یقینی بنانے میں اپنا کردارادا کرنا ہے ۔
کلب کے قیام میں پاکستانی سفارتکار پریذیڈنٹ عرفان سومرو ، سیکرٹری احسن نبی اور پبلک ریلیشن آفیسر چوہدری ظفراقبال نے کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ یو این جنرل اسمبلی کی منظوری سے قائم ہونے والے کلب میں اقوام متحدہ ،اس کے تمام ذیلی ادارے ، این جی اوز وغیرہ میں کام کرنے والے تمام ارکان کو شمولیت کی دعوت دی گئی ہے ۔

UNSRC-Pakistan Club, Irfan Soomro, UNO
First meeting of UNSRC-Pakistan Club

یو این پاکستان کلب کے قیام کے بعد اس کا پہلا افتتاحی اجلاس اقوام متحدہ ہیڈاکوارٹر کے کانفرنس روم میں منعقد ہواجس میں بڑی تعداد میں اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں میں کام کرنے والے حکام و ارکان کے علاوہ پاکستان مشن سے بھی ایک سفارتکار کی جانب سے شرکت کی گئی ۔
عرفان سومرو نے یو این پاکستان کلب کے اغراض و مقاصد سے شرکاءکو آگاہ کیا اور ان میں کلب کے آئین و چارٹر کی نقول بھی تقسیم کیں ۔ انہوں نے کہا کہ کلب کے قیام کا مقصد ایک ایسا پلیٹ فارم بنانا ہے کہ جہاں سب مل بیٹھ سکیں اور وطن عزیز کے کلچر کے فروغ اور عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں سال بھر اپنی سرگرمیاں بھی کریں گے ۔ انشاءاللہ اس سال یو این پاکستان کلب کے زیر اہتمام اقوام متحدہ میں پاکستان کا یوم آزادی منائیں گے ۔
شرکاءکی جانب سے یو این پاکستان کلب کے قیام کا خیر مقدم کیا گیا اور منتظمین کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا گیا۔ شرکاءنے کلب کو موثراور فعال بنانے کے لئے اپنی تجاویز بھی پیش کیں ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تجاویز کو اتفاق رائے سے عملی شکل دی جائے گی۔ کلب کی ممبر شپ فیس بیس ڈالرز سالانہ مقرر کی گئی ہے ۔
اقوام تحدہ میں مختلف ممالک کے کام کرنے والے حکام و ارکان کی جانب سے ایسے کلب قائم ہیں ۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے یو این پاکستان کلب قائم کرکے ، کمی کو پورا کر دیا گیا ہے .

UNSRC-Pakistan Club

 

 

Related Articles

Back to top button